شاعر، مصنف، گیت نگار، فلم ساز ، اسکرین پلے اور ڈائلاگ نگار گلزار بھارتی سنیمااور ثقافت و ادب کی بلند قامت شخصیات میں سے ایک ہیں۔ دینہ میں پیدا ہونے والے گلزار نے سنیما میں اپنے کیریئر کا آغاز فلم سا ز بمل رائے کے اسسٹنٹ کی حیثیت سے کیا۔
گلزار بھارتی ادب کا ایک بڑا نام ہیں اور اردو یا ہندوستانی زبان کے بہترین شاعروں میں سے ایک۔ ان کی شاعری اور افسانوں کے متعدد مجموعے شائع ہوچکے ہیں۔ انھوں نے رابندر ناتھ ٹیگور کی نظموں کا ترجمہ کرکے انھیں دو مجموعوں ‘باغبان’ اور ‘نندیاچور’ کے نام سے شائع کیا ہے۔ وہ ہندوستان میں بچوں کے لیے لکھنے والے ادیبوں میں سے بھی بہترین میں شمار ہوتے ہیں۔
گلزار کو ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ اور پدمابھوشن ایوارڈ مل چکے ہیں۔ سن دو ہزار آٹھ میں انھیں فلم ‘سلم ڈاگ ملینئر’ میں ان کے تحریر کردہ گیت ‘جے ہو’ کے لیے آسکر ایوارڈ دیا گیا۔ دو ہزار چودہ میں انھیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔