Zarguzisht

Zarguzisht

Rs.1,595.00 Rs.1,200.00 Ex Tax: Rs.1,200.00

یہ مُشتاق احمد یوسفی کی سوانح نو عمری ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ یہ ایک عام آدمی یعنی اس کی اپنی کہانی ہے۔ اور عام آدمی کی پہچان اس نے یہ بتائی ہے کہ اس کی زندگی میں صرف تین موقعے ایسے آتے ہیں جب اسے مرکزی کردار ادا کرنے کی اجازت دی جاتی ہے___ اپنا عقیقہ، نکاح اور تدفین، ہنسی ہنسی میں یوسفی نے اپنے متعلق کچھ نہ بتاتے ہوئے بھی بہت کچھ بتادیا ہے۔
    یادش بخیر، یہ قصّہ اس وقت کا ہے جب آتش نہ صرف جوان تھا، بلکہ یونائیٹڈ بینک کا پریزیڈنٹ، ادیب اور السر کا مریض بھی نہ تھا۔ یہ سربلندی و سرافرازی کی نہیں، آشفتہ سری اور خاک بسری کی داستان ہے جو اس نے مزے لے لے کر سُنائی ہے۔ یہ اس کے فن و تفنّن کا کرشمہ ہے کہ اپنی بذلہ سنجی، شائستہ شگفتگی اور شگفتہ شائستگی سے اس نے نہ جانے کتنی سفّاک حقیقتوں اور بندۂ مزدور کے اوقات کی تلخیوں کو گوارا بنا دیا۔ اس کی مثال اس سنگلاخ پیشے ہی میں نہیں، اس دود ھاری صنفِ ادب میں بھی نہیں ملے گی جس کے تیشے سے پہاڑ ہی نہیں، فرہادوں کے سر بھی کٹ گئے ہیں۔ زخم کھانا اور دِل گرفتہ نہ ہونا، یہی اس کا ادبی مسلک ہے۔
‘‘زرگزشت’’ کی گیلری میں آشنا و نا آشنا، خنداں و خانماں خراب، مردم آزارو مردم گزیدہ، مہربان و بے مہر، پُر بہار اور وقت کی دُھول میں اَٹے ہوئے____  سب ہی طرح کے چہرے آپ کو نظر آئیں گے۔ ان کے خط و خال کو نمایاں کرتے ہوئے، یوسفی نے شگفتگی، بشّاش رواداری اور زندگی سے شیفتگی کا دامن نہیں چھوڑا ہے۔ ہر باب اور ہر کردار اپنی جگہ مکمل اور منفرد ہے۔
    جہاں اس کے مزاج میں کلاسیکی رچائو اور رکھ رکھائو ہے، وہاں جدید ادب کے تیکھے پن اور پاکستان کی علاقائی زبانوں کی تازگی و توانائی نے بھی اس کے فکرو بیان کو نِکھارا ہے۔
    یوسفی نے مزاح کا ہر حربہ اور ہر دائوں اپنے اوپر آزمایا اور، بقول اس کے، خود کو ‘‘زخمایا’’ ہے۔ اس نے زندگی کو جس رُخ سے دیکھا، بَرتااور پَرکھا ہے، اُس نے اس کی تحریر کو نشاطِ کار کے ساتھ ساتھ جلال و جمالِ آگہی بھی بخشا ہے۔ اس کا اسلوب اور اس کے مزاح کی کاٹ، نِری طنّازی، لفظی اُلٹ پھیر اور خوش وقتی سے بالاتر ہے، ماورائے تبسّم، وہ کشادہ دِلی اور فراخ حوصلگی، بصیرت اور ٹھہرائو نظر آتا ہے جو زندہ رہنے والے ادب کی پہچان ہے۔

There are no reviews for this product.

Write a review

Note: HTML is not translated!
Bad           Good

Tags: زر گزشت,