Ishq Ki Taqveem Mein
- Publisher: Maktaba-e-Danyal
- Product Code: BK-085
- Availability: Out Of Stock
- Author: Harris Khalique
- ISBN: 978-969-419-023-1
- Pages: 235
- Book Language: اُردو
- Binding:Hardbound
شاعر اُن ہی آبادیوں کا حصہ ہے جہاں محلّوں اورگلیوں سے آوازیں بھی بلند ہوتی ہیں اور جہاں ایسے لوگ بھی ہیں جن کے لبوں پر قفل پڑے ہوئے ہیں اور جن کے گرد زنجیر کا دامن بہت پھیل گیا ہے۔ اور جہاں ایسی آنکھیں بھی ہیں جو روشن روشن ہیں اور ایسی بھی جن پر شب و روزگراں ہیں۔ جہاں ایسے بازو بھی ہیں جن میں طاقت بھر پور ہے اور ایسے بھی جو نیند کی مارکھائے ہوئے ہیں اور جن میں اتنی سکت بھی نہیں کہ اپنے آپ کو درد سے چھڑالیں اور بے کسی کا جال نوچ کر پھینک دیں۔ شاعر کے گرد یہ سب اُچھلتا رہتا ہے اور اس کے ادراک میں آتا رہتا ہے، اور وہ یہ بھی دیکھتا ہے کہ گنبد نیلو فری کیا کیا رنگ بدل رہا ہے!
اور حارث خلیق کے لیے تو یہ باتیں خاص طور پر درست ہیں۔ جس شہر میں وہ پیدا ہوئے اور پلے بڑھے اس شہر کے گلی کوچے، اس کی سڑکیں اور شاہراہیں، اس کی مقامی بستیاں، اس کے باسی، اس شہر کی طبقاتی اونچ نیچ___اب تک جو شعر انھوں نے لکھے ہیں ان میں سے بیشتر یہیں سے براہِ راست ابھر کر آئے ہیں اور جس زمین پر انھوں نے پہلی بار قدم رکھا تھا اسی سے ان کے شعروں کی اتنی ساری کونپلیں پھوٹ کر نکلی ہیں۔
اس مجموعے میں ایسی نظمیں بھی ہیں جن کی نمود اور جن کی پرورش شاعر کی جذباتی دنیا میں ہوئی ہے اور جن کا تعلق داخلی واردات سے ہے۔ یہاں عشق و محبت کی باتیں، حسینوں کے تذکرے ہیں، وہ جن کے ہونٹوں پر شفق کی سرخی سمٹ آتی ہے، جن کی پیشانی پر دمکتا ہوا چاند رقص کرتا ہے اور جن کی قربت یوں بھر پور ہوتی ہے کہ ان کا پیکر شاعر کے خون میں قطرہ قطرہ گھلتا جاتا ہے۔ یہاں حریمِ جاں سے ابھرنے والی امیدیں بھی ہیں، نہاں خانوں میں محسوس ہونے والا خوف بھی ہے، اور اس دُکھن کا بیان بھی ہے جو خلوث گاہوں میں آرزوئے وصل کی پسپائی نے پیدا کر دی ہے۔
(ڈاکٹر سیّد نعمان الحق)
There are no reviews for this product.