یہ کتاب ریڈیو پاکستان میں میری پچیس سالہ ملازمت کے زمانے کی یاد داشتیں ہیں۔ اس دوران میں مجھے کئی اسٹیشنوں اور یونٹوں میں کام کرنے کا موقع ملا چنانچہ میں نے اسے اسی ترتیب سے لکھا ہے۔
اس دوران میں مختلف اسٹیشنوں پر میری ملاقات زندگی کے بہت سے شعبوں سے تعلق رکھنے والے بے شمار لوگوں سے ہوئی جن میں دانشور ، ادیب، شاعر، مذہبی اسکالرز ، علما، کھلاڑی، صحافی، ڈاکٹر اور سائنسدان وغیرہ شامل ہیں علاوہ ازیں بے شمار فنکاروں او ر دیگر لوگوں سے واسطہ پڑا۔ پچیس سال زندگی کا ایک طویل عرصہ ہے اور اس طویل مدت میں مجھے انسانوں کو قریب سے دیکھنے ، برتنے اور پرکھنے کے بڑے اچھے مواقع ملے اور بڑے تجربے حاصل ہوئے۔ میں نے یہ کتاب ان مواقع، تجربوں اور مشاہدوں کے پس منظر میں تحریر کی ہے۔ جو ایک طرح سے ان شخصیات کی ریڈیو کے حوالے سے عکاسی کرتی ہے جن کا ذکر اس میں ہے۔ یہ نہ تاریخ ہے نہ تنقید کی کوئی کتاب ہے۔ میں نے جس طرح جو کچھ دیکھا اور محسوس کیا ہے بے کم و کاست تحریر کر دیا ہے۔
(جمیل زبیری)
Tags: یاد خزانہ