اس انتخاب میں شامل بیس مشہور خواتین شعرا شمالی امریکہ کی نسل و رنگ، ثقافت اور ورثے کے لحاظ سے متنوع آبادی کی نمائندگی کرتی ہیں۔ ان شعرا میں صرف ایملی ڈکنسن انیسویں صدی کی شاعر ہیں، باقی شعرا بیسویں صدی سے تعلق رکھتی ہیں جن میں ایلزبتھ بِشپ، مایا اینجلو، سِلویا پلاتھ اور لُوئیس گلک شامل ہیں۔ بارہ شعرا عصرِ حاضر میں اپنے تخلیقی سفر میں سرگرم ہیں، جیسے ناؤمی شِہاب نائے، جوائے ہارجو، دُنیا مِیخائل، اور ان میں سے چند شعرا (فاطمہ اصغر، آریا ابر) اپنے سفر کے اوائل میں ہیں۔
خواتین شعرا کے موضوعات میں وسعت اور احساسات کے اظہار میں دیانتداری اور دلیری ہے، عورت کے معاشرے میں ثانوی حیثیت کے احساس کے ساتھ ساتھ عورت کی طاقت، استقامت، محبت، شفقت، تخلیقی قوت اور نسوانی حسن پہ فخر کے عناصر ان شعرا کی نظموں میں جھلکتےہیں۔ اس شاعری کے موضوعات میں قدرتی مظاہر، فطرت سے انسان کا جڑنا، جلاوطنی، اپنی زمین اور ورثے سے محرومی، اجنبیت اور خالی پن کا احساس، نسل و رنگ کی تفریق، اور امریکہ کی کمزور ممالک میں مداخلت اور جبر و استبداد شامل ہیں۔
Tags: تمناؤں کے دریا سے