ایسا فکشن جو پڑھنے والے کے دل و دماغ کو مضطرب کردے کیسے تخلیق کیا جاتا ہے؟ وہ کون سے اجزاء ہیں جو کسی فکشن کو شاہ کار بناتے ہیں؟ وہ کیا رموز ہیں جو کسی فن پارے کو آفاقیت عطا کرتے ہیں؟ اور وہ کون سا اندرونی عمل ہے جس سے گزر کر تخلیق کار تخیلی کرداروں کی تجسیم کچھ اس طرح کرتا ہے کہ پڑھنے والا ان کی قربت کے سحر میں کھو جاتا ہے؟
ان سوالوں کی تلاش میں انگریزی زبان کے مشہورِ زمانہ سہ ماہی ادبی جریدے ‘دی پیرس ریویو’ نے ممتاز فکشن نگاروں سے مکالمے شائع کرنے کا سلسلہ 1950 کی دہائی میں شروع کیا۔ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران اس جریدے میں ان گنت ممتاز، اور اکثر نوبل انعام یافتہ ادیبوں کے ساتھ گفتگو شائع ہوچکی ہے۔ یہ مکالمے دنیا بھر میں ادب سے وابستگی رکھنے والوں کے لیے ادبی تخلیق کے عناصر، فکشن نگاری کے اسالیب اور ادیبوں کے تخلیقی تجربات اور عمل سے آگہی حاصل کرنے میں حد درجہ معاون ثابت ہوئے ہیں۔
فنِ فکشن نگاری: ممتاز مغربی ادیبوں سے مکالمے کی پہلی جلد میں گیارہ ادیبوں سے مکالمے شامل ہیں:
خورخے لوئس بورخیس، میلان کنڈیرا، نَدین گوردیمَر، گابرئیل گار سیامارکیس، جوزے سَرماگو، اِتالو کالوینو، سیمون دُبووار، کُلودسیمون ، میکس فِرش، ہولیو کورتَزَار ، طاہر بن جَلّون۔
(زینت حسام)
Tags: فن ِفکشن نگاری